Contact Numbers: 9818050974(Dr. Raza Haider), 9911091757 (Dr. Idris Ahmad), 9891535035 (Abdul Taufique) -- ghalibinstitute@gmail.com

Wednesday, August 24, 2016

سابق گورنراخلاق الرحمن قدوائی کی رحلت پر غالب انسٹی ٹیوٹ میں تعزیتی جلسہ

کئی صوبوں کے سابق گورنر، سابق ممبر راجیہ سبھا، سابق چیرمین یونین پبلک سروس کمیشن و ٹرسٹی، غالب انسٹی ٹیوٹ ، ڈاکٹر اخلاق الرحمن قدوائی کے انتقال پر غالب انسٹی ٹیوٹ میں فوراً ایک تعزیتی جلسے کاانعقاد کیاگیا۔اس موقع پر غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہاکہ ڈاکٹر اخلاق الرحمن قدوائی کی رحلت ہم سبھی کے لیے ایک بڑے المیے سے کم نہیں ہے۔ مرحوم ایک طویل مدت تک بڑے سے بڑے منصب پر فائز رہے مگر ہرایک کی خوشی و غم میں برابر شریک رہے، دوسروں کے دکھ میں خودکو اور اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک رکھنا آپ کی زندگی کانصب العین تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کے انتقال سے اُن سے وابستہ تمام افراد پر سوگواری کا عالم ہے۔ جس ادارے سے بھی آپ وابستہ رہے اُس ادارے کواپنی ذہات اور لیاقت سے بلندیوں تک پہنچایا، بحیثیت گورنر آپ جس صوبے میں بھی رہے اُس کی ترقی میں آپ کازبردست کردار رہا۔ موت برحق ہے اور ہر شخص کو اُس کی گرفت میں آناہے۔ مگر ڈاکٹر اخلاق الرحمن قدوائی کی موت صرف ان کی موت نہیں ہے بلکہ، ایک عہد اور ایک تہذیب کا خاتمہ ہے۔ آپ کی کمی ہمیں ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔میری دعا ہے کہ پروردرگار عالم اُن کے درجات کو بلند کرے اور ہم سبھی کو حوصلہ عطا کرے کہ ہم اس عظیم غم کو برداشت کرسکیں۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹررضاحیدرنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ڈاکٹر اخلاق الرحمن قدوائی مدتوں سے غالب انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ رہے اور آپ نے اس ادارے کو فروغ دینے میں نمایاں امور انجام دیے۔ بحیثیت ٹرسٹی اور ایکزیکٹو ممبر آپ ادارے کے تمام معاملات میں کافی دلچسپی لیتے تھے اور ہر ممکن آپ کی یہ کوشش رہتی تھی کہ غالب انسٹی ٹیوٹ اپنے اغراض ومقاصدکے ساتھ آگے بڑھتارہے۔ ہمیں بے انتہا افسوس ہے کہ آج ہم اپنے ایک بڑے محسن سے محروم ہوگئے۔ ہماری یہ کوشش ہوگی کہ ہم آنے والے دنوں میں اُن کے وژن کو لے کرادارے کوعلمی وادبی اعتبار سے مزید مضبوط بنائیں۔ اس تعزیتی جلسے میں ڈاکٹر ادریس احمد، ڈاکٹر سہیل انور، عبدالواحد، یاسمین فاطمہ، عبدالتوفیق، محمدعمر، پرویز عالم کے علاوہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے تمام اسٹاف نے اپنے گہرے رنج و غم کااظہار کیا۔