Contact Numbers: 9818050974(Dr. Raza Haider), 9911091757 (Dr. Idris Ahmad), 9891535035 (Abdul Taufique) -- ghalibinstitute@gmail.com

Tuesday, April 1, 2014

کتاب’’انیسویں صدی میں، ادب، تاریخ اور تہذیب‘‘ کا اجرا

۲۸ مارچ کو شام چھے بجے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی ۸۰ ویں سالگرہ کے موقع پر غالب انسٹی ٹیوٹ میں ایک بڑے جلسے کااہتمام کیاگیا۔ اس تاریخی موقع پر پروفیسر صدیق الرحمن قدوای کے اعزاز میں ترتیب دی گئی کتاب’’انیسویں صدی میں، ادب، تاریخ اور تہذیب‘‘ کا اجرا بہاروہریانہ کے سابق گورنر ڈاکٹر اخلاق الرحمن قدوائی اور سابق وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ شاہد مہدی کے دستِ مبارک سے عمل میںآیا۔ اس کتاب کو ڈاکٹراطہر فاروقی، ڈاکٹر رضاحیدراور ڈاکٹر سرورالہدیٰ نے ترتیب دیااو رانجمن ترقی اردو ہند نے شائع کیاہے۔ پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی اردو کے اُن ممتاز ادیبوں میں ہیں جن کا انیسویں صدی کی تاریخ، تہذیب، روایت اور ادب پر اہم علمی کام ہے۔ ماسٹر رام چندر پر لکھی ہوئی آپ کی کتاب ادبی دنیامیں دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہیں تمام باتوں کو مدنظر رکھ کر کتاب کے مرتبین نے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی ۸۰ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کے اعزاز میں ایک ایسی کتاب ترتیب دی ہے جس میں ۲۲بزرگ ادیبوں اور دانشوروں کے مضامین شامل ہیں۔یہ تمام مضامین ۱۹ویں صدی کی تاریخ، ادب اور تہذیب کا پوری طرح سے احاطہ کرتے ہیں۔ جلسے کی ابتدا میں غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رضاحیدر نے کتاب کا تعارف پیش کیااور ڈاکٹر سرورالہدی،شاہد مہدی اور پروفیسر مینجر پانڈے نے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی ادبی خدمات پر گفتگو کی۔ پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی ۸۰ویں سالگرہ کے موقع پر انجمن ترقی اردوہند، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، غالب انسٹی ٹیوٹ، دلّی اردو اکادمی ، غالب اکادمی، عالمی اردو ٹرسٹ، ساہتیہ اکادمی، مکتبہ جامعہ، شعبہ اردودلّی یونیورسٹی، شعبہ اردو جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ، شعبہ فارسی دلّی یونیورسٹی، شعبہ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ، ذاکر حسین کالج کے علاوہ دلّی کے دیگر علمی و ادبی اداروں کے سربراہوں کی طرف سے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی خدمت میں گلدستہ پیش کیا گیا۔ اس جلسے کی خاص بات یہ تھی کہ دلّی کے سبھی اداروں کے نمائندے موجود تھے اور انہوں نے پروفیر صدیق الرحمن قدوائی کو اظہارِ تہنیت پیش کیا ۔