Contact Numbers: 9818050974(Dr. Raza Haider), 9911091757 (Dr. Idris Ahmad), 9891535035 (Abdul Taufique) -- ghalibinstitute@gmail.com

Friday, April 29, 2016

’’کلیات کلیم عاجز‘‘ پر مذاکرہ

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام شامِ شہریاراں کے موقع پرمعروف ادیب و نقاد اور محقق فاروق ارگلی کی مرتبہ کتاب ’’کلیات کلیم عاجز‘‘پر شامِ شہریاراں کے موقع پر ۲۸ اپریل،شام چھے بجے ایک اہم مذاکرے کااہتمام کیا گیا۔ اس مذاکرے کی صدارت کرتے ہوئے غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے فرمایاکہ پروفیسر کلیم عاجز ایک مقبول لب و لہجے کے شاعر تھے۔ چونکہ عوامی زندگی سے بہت قریب تھے لہٰذا اُن کی شاعری میں سماجی پہلو بھی کافی نظر آیاہے۔ اس بات کے سبھی معترف ہیں کہ وہ اپنے عہد کے بڑے شاعر تھے۔ مجھے بے انتہا خوشی ہے کہ شام شہریاراں کے موقع پر ہم اُن کو یاد کر رہے ہیں۔ہمیں پوری امید ہے کہ فاروقی ارگلی کی اس کاوش کو علمی دنیا میں عزت کی نظروں سے دیکھا جائے گا۔
پروفیسر اخترالواسع جواس جلسے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے آپ نے بھی اس کلیات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ کلیم عاجز کے کلام کو پڑھ کر یہ احساس ہوتاہے کہ ان کی غزوں میں دکھ بھروں کی حکایتیں اور حزن و ملال کی کہانیاں ہیں۔انہوں نے اپنی غزلوں میں ترتیب کابھی خیال رکھاہے جب وہ اپنے جذبات و خیالات کو شعرکے پیرائے میں ڈھالتے ہیں تو وہ ایک ہی نہج پر گفتگو کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے کلام میں تسلسل کا احساس ہوتاہے۔ آپ نے فاروق ارگلی کے اس اہم کام پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آپ جوبھی علمی کام کرتے ہیں وہ بڑے سلیقے سے کرتے ہیں جس کی سب سے بڑی مثال کلیات کلیم عاجز ہے جو بارہ سو صفحات پر محیط ہے۔بہار اردو اکادمی کے سکریٹری جناب مشتاق احمد نوری بھی اس محفل میں خاص طور سے تشریف لائے تھے اور انہوں نے فرمایا کہ کلیم عاجز کے اشعار بچپن ہی سے میرے حافظے میں محفوظ ہیں ان کی ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ وہ ایک اچھے شاعرکے ساتھ ساتھ دین و شریعت کے پابند بھی تھے۔ یونیورسٹی کے پروفیسر رہے،انگریزی زبان و ادب پرانہیں عبور حاصل تھا۔ انہوں نے اپنا کوئی نظریاتی گروہ بنایااور نہ خود کسی گروہ میں شامل ہوئے۔ اردو زبان و ادب اور علم و ادب کا فروغ و اصلاحِ معاشرہ ان کا ہمیشہ سے نصب العین رہا۔
ڈاکٹر خالد علوی نے اپنی تقریر میں کلیم عاجز کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی شاعری اس لیے بھی انفرادیت کی حامل ہے کہ ان کے کلام میں تازگی کا احساس ہوتاہے۔ آپ نے کلیم عاجز کے متعدد شعر بھی پیش کیے اورچند معروف شعراء کے کلام سے ان کے کلام کاتقابلی مطالعہ بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر خالد علوی نے کلیم عاجز کی شاعری کے اُن نکات کی بھی نشان دہی کی جس پرعام طورسے گفتگو کم ہوتی ہے۔اس موقع پر کلیات کلیم عاجز کے مرتب فاروق ارگلی نے بھی اس بات کااظہارکیاکہ کلیم عاجز ہمیشہ سے میرے پسندیدہ شاعر رہے، اُن کی تخلیقات منتشر تھیں میں نے فرید بُک ڈھو کے تعاون سے اُن کے تمام مجموعوں کوایک جگہ جمع کردیاہے۔ یہ کام اس لیے بھی ضروری تھاکہ کلیم عاجز ہمارے شعری ادب کے اُن تاریخ ساز تخلیق کاروں میں سے تھے جواپنے معجزانہ کلام اور لازوال علمی کارناموں میں زندہ جاوید ہیں۔فاروق ارگلی نے دبستانِ عظیم آباد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ راسخ عظیم آبادی، شاد عظیم آبادی، مبارک عظیم آبادی، جمیل مظہری سے لے کر کلیم عاجز تک زندہ رہنے والی شاعری تخلیق کرنے والوں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں درد،غالب،ناسخ اور آتش کا انداز نمایاں ہے۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رضاحیدرنے جلسے کی ابتدا میں کتاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ کلیم عاجز ہمارے عہدکے ممتاز غزل گوشعراء میں تھے۔ ان کا کلام اردو شاعری کے خزانے میں ایک قیمتی اضافے کی حیثیت رکھتاہے۔ برصغیر ہندوپاک ہی نہیں بلکہ اردودنیا میں کلیم عاجز کی شاعری کے پرستار موجود ہیں۔ میں تہنیت پیش کرتاہوں فاروقی ارگلی کوکہ انہوں نے کلیم عاجز کے شعری سرمائے کو یکجا کرکے ہمیں ایسا علمی تحفہ دیاہے جسے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ معروف شاعرمتین امرہوی نے بھی اس محفل میں اپنے منظوم کلام سے کلیم عاجزکو خراجِ عقیدت پیش کی۔اس جلسے میں مختلف علوم و فنون کے افرا دبڑی تعداد میں موجود تھے۔
تصویر میں دائیں سے:ڈاکٹر رضاحیدر،فاروقی ارگلی،پروفیسر اخترالواسع،پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی،مشتاق احمد نوری اورڈاکٹر خالدعلوی، کلیات کلیم عاجز کی رسم رونمائی کرتے ہوئے۔