Contact Numbers: 9818050974(Dr. Raza Haider), 9911091757 (Dr. Idris Ahmad), 9891535035 (Abdul Taufique) -- ghalibinstitute@gmail.com

Sunday, October 12, 2014

امیر خسرو سمینارکا ایوانِ غالب میں انعقاد

غالب انسٹی ٹیوٹ اور نیشنل امیر خسرو سوسائٹی کے زیراہتمام ’’امیر خسرو کی دلّی : تاریخی اور سماجی منظرنامہ‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے سمینار کے افتتاحی اجلاس میں امیر خسرو سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر خلیق انجم نے اس سمینار کا افتتاح کرتے ہوئے فرمایاکہ امیر خسرو ہماری علمی و ادبی تاریخ اتنے عظیم شاعر ہیں کہ جن پر بہت کم علمی کام ہواہے۔ امیر خسرو کے کلام کا کئی زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ وہ ہندوستان سے بہت محبت کرتے تھے اور انہوں نے اس ملک کی تہذیب و ثقافت کو جس خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا ہے وہ ہماری تاریخ کا ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ ڈاکٹر خلیق انجم نے خسرو سے متعلق اُن کتابوں کابھی ذکرکیاجو کتابیں تفہیم خسرو میں ایک اہم مقام رکھتی ہیں۔ معروف فارسی ادیب پروفیسر شریف حسین قاسمی نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے فرمایاکہ خسرو جتنے ہندستان میں مقبول ہیں اتنے ہی زیادہ بیرونِ ہند میں مقبول ہیں۔ امیر خسرو آج بھی بیرون ملک میں ثقافتی سفیر کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔ خسر ونے دلی کی تاریخ اور دلی کی ثقافت کو اتنے وسیع پیمانے پر پیش کیاہے کہ آج ہم بغیر خسرو کے دلّی کی تاریخ کو نہیں سمجھ سکتے۔ آپ نے مزیدکہاکہ خسرو نے دلّی کی تاریخ کو محض شاعری کے پیرائے میں نہیں پیش کیاہے بلکہ وہ تمام باتیں حقیقت پر مبنی ہیں۔
اس جلسے کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے فرمایاکہ امیرخسرو ہمارے اُن بڑے شاعرو ں میں ہیں جن کاکلام آج بھی ہماری علمی رہنمائی کررہاہے۔ غالب بھی خسرو کے چشمۂ فکر سے مسلسل فیض یاب ہوتے رہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم آنے والے دنوں میں امیر خسرو پر بڑے جلسے منعقد کریں گے تاکہ آج کے دور میں ہم خسرو کوصحیح طریقے سے روشناس کراسکیں۔ ایران کلچر ہاؤس کے کلچرل کاؤنسلر علی فولادی جو اس جلسے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے آپ نے فرمایاکہ خسرو کے کلام کو ایران میں کافی پڑھا جاتاہے اور خسرو کو اتنی ہی عزت دی جاتی ہے جتنی ایرانی شعراکو، آپ نے امیر خسرو کو قومی یکجہتی کا علمبردار اور انسانیت کا امین بتایا۔ نیشنل امیر خسرو سوسائٹی کے جنرل سکریٹری شاہد ماہلی نے امیر خسرو سوسائٹی کی تاریخ کو پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سوسائٹی پچھلے کئی برسوں سے کافی اہم کام انجام دے رہی ہے۔ کئی بڑے لوگ اس سوسائٹی سے وابستہ تھے اور انہو ں نے کافی اہم کام کیاے۔ آنے والے دنو ں میں ہم بھی اس سوسائٹی کے ذریعے امیر خسرو پر کئی علمی کام کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 
غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر سید رضاحیدر نے اپنی ابتدائی گفتگو میں کہاکہ خسرو کی دلّی کی تاریخ اور دلّی کے سماجی منظرنامے سے اتنی وابستگی تھی کہ ہم خسرو کو دلّی کے بغیر اور دلّی کو خسرو کے بغیر تصور ہی نہیں کرسکتے ہیں۔ افتتاحی جلسے کے بعد ملک کے معروف کلاسیکی سنگر استاد اقبال احمد خاں نے کلام خسرو اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا۔ اس جلسے میں بڑی تعداد میں اہل علم ، ادبا اور اسکالرز موجود تھے۔
سمینار کے دوسرے دن امیر خسرو کی زندگی، شاعری اور عہدِ خسرو کی تہذیبی اور ثقافتی تاریخ پر دلّی اور بیرونِ دلّی کے علماء نے اپنے پُرمغز مقالات پیش کئے۔دوسرے دن کے پہلے اجلاس کی صدارت پروفیسر شریف حسین قاسمی اور پروفیسر علی احمد فاطمی نے کی، اس اجلاس میں ڈاکٹر قمر عالم، پردیب خسرو، ڈاکٹر نکہت فاطمہ، ڈاکٹر علیم اشرف، ڈاکٹر احسن الظفر اور پروفیسر عبدالقادرجعفری نے مقالات پیش کئے۔ اس اجلاس کی نظامت کا فریضہ ڈاکٹر عمیر منظر نے انجام دیا۔
دوسرے اجلاس میں پروفیسر چندرشیکھر، پروفیسر وہاج الدین علوی، پروفیسر علی احمدفاطمی، ڈاکٹرسرفراز احمد خان، ڈاکٹر عمیر منظر اور پروفیسر صادق نے خسرو کی تصانیف اور عہد خسرو کی دلّی کے ہر پہلو پر اپنے خیالات کا اظہارکا۔ اس اجلاس کی صدارت پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی اور پروفیسر عبدالقادر جعفری نے کی اور نظامت کے لئے ڈاکٹر احتشام الدین کو زحمت دی گئی۔ سمینار کا آخری اجلاس پروفیسر صادق اور پروفیسر چندرشیکھر کی صدارت میں ہوااور اس اجلاس میں ڈاکٹر فوزیہ وحید، ڈاکٹرارشاد نیازی، ڈاکٹر احتشام الدین، ڈاکٹرسکینہ اور ڈاکٹر رفاق احمدنے مقالات پیش کئے۔ نظامت ڈاکٹر سرفراز احمد خاں کی تھی۔ اِن تینوں اجلاس میں خسرو نے دہلی کے بارے میں جو اطلاعات اپنے مختلف آثار میں فراہم کی ہیں، ان کے بارے میں تحقیقی مقالات پیش کیے گئے۔ خسرو نے اپنے دور تک دہلی کی سیاسی، ثقافتی اور ادبی تاریخ کو بڑی توجہ سے اپنی کتابوں میں بیان کیا ہے۔ یہ تمام ہی موضوعات سمینار کے مختلف مقالات میں بحث کا موضوع بنے۔مقالات کے بعد جوبحث و مباحثہ ہوا، اس کی وجہ سے یہ موضوعات زیادہ وضاحت سے روشنی میں آئے۔آخر میں نیشنل امیر خسرو کے جنرل سکریٹری شاہد ماہلی نے تمام سامعین اور مقالہ نگار حضرات کافرداً فرداب شکریہ ادا کیا۔اس سمینار میں بڑی تعداد میں مختلف علوم و فنون کے افراد موجود تھے۔

Wednesday, October 8, 2014

بین الاقوامی ریسرچ اسکالرز سمینار

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے 
بین الاقوامی ریسرچ اسکالرز سمینار
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام سہ روزہ بین الاقوامی ریسرچ اسکالرز سمینار۲۶،۲۷،۲۸ستمبر کو ایوانِ غالب میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک و بیرون ملک کی مختلف دانشگاہوں سے اسکالرز نے شرکت کی۔ سمینار کا افتتاح جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کیا۔ پروفیسر طلعت احمد نے افتتاحی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی قوم کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی زبان پڑھے اور سمجھے تاکہ اس کاتحفظ اور وقار بلند و بالا ہو۔ ریسرچ اسکالرز کو محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معیاری تحقیق ممکن ہو۔اگر وہ ابھی محنت کریں گے تو آگے چل کرایک بہترادیب کی صف میں ان کا شمار ہوسکے گا۔اس موقع پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ آج ہم ان سے مخاطب ہیں جو اردو زبان و ادب کے مستقبل ہیں۔ اردو کے نئے امکانات انہیں اسکالروں سے وابستہ ہیں۔یہی نوجوان اردو اداروں کے اساتذہ اور افسران ہوں گے۔ ریسرچ اسکالرز سمینار غالب انسٹی ٹیوٹ کی شناخت بن چکا ہے اورقومی کونسل کی بھی مستقل یہی کوشش ہے کہ دیگر اداروں کے اشتراک سے اہم سمینار اور پروگرام منعقد کراتا رہے۔غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سید رضاحیدر نے دوران نظامت گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غالب انسٹی ٹیوٹ گزشتہ چالیس برسوں سے غالب،عہدِ غالب اور معاصرین غالب کے حوالے سے کارہائے نمایاں انجام دیتا رہا ہے۔ تقریباً سوسمیناراورتین سو کتابیں منظرعام پر آچکی ہیں۔ ریسرچ اسکالر سمیناراہمیت کاحامل ہوچکاہے اب ایک دن کے بجائے تین دنوں تک اسکالروں کو اپنے خیالات پیش کرنے کاموقع ملے گا۔ اس بین الاقوامی سمینار کا دائرہ وسیع ہونے کی واحد وجہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کاتعاون ہے۔ عہد حاضر کے ممتاز نقادپروفیسر عتیق اللہ نے کلیدی خطبہ دیتے ہوئے کہاکہ اسکالرسمینار کافی اہمیت و افادیت کاحامل ہے جس میں ہندستان کی اور بیرونِ ملک کی مختلف دانشگاہوں سے ریسرچ اسکالرز شرکت کرتے ہیں۔اساتذہ اورریسرچ اسکالروں کوسنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے،اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اسکالروں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے انہیں موضوع دیں۔ ریسرچ اسکالروں کوفارسی بھی سیکھنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ زیادہ تر سرمایہ فارسی میں محفوظ ہیں۔فارسی زبان و ادب کے معتبراسکالرپروفیسرشریف حسین قاسمی نے بھی کلیدی خطبہ دیتے ہوئے کہاکہ کچھ کام اساتذہ کو سنجیدگی سے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ طلبا کی تربیت ممکن ہوسکے۔کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ غیر معیاری تحقیقی کام کی اہم وجہ تربیت کا نہیں ہونا ہے۔ سمینار کے افتتاحی اجلاس میں موجودپاکستان کے کارگزارہائی کمشنر منصورعلی خاں نے کہاکہ میں غالب انسٹی ٹیوٹ کوخود سے کافی قریب محسوس کرتا ہوں کیونکہ یہ ادارہ اردو کے تئیں اہم کردار ادا کر رہاہے۔ آخرمیں غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے صدارتی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریسرچ اسکالروں میں سہل پسندی آگئی ہے جبکہ محنت و لگن کی ضرورت ہے۔ ادب بھی تنہا ادب نہیں رہ سکتااگر دیگر علوم سے فائدہ نہیں اٹھایا جائے۔ ریسرچ میں اپنے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سمینار کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ ریسرچ اسکالروں کویہ اختیار حاصل رہتا ہے کہ وہ اپنے مقالے ایم فِل یا پی ایچ ڈی کے موضوع کے حوالے سے ہی پیش کرسکتے ہیں۔ شاہد ماہلی نے اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے کہاکہ ریسرچ اسکالرز سمینار تمام اسکالرز کے لیے بہت مبارک ہے اس لیے کہ جس ریسرچ اسکالر نے یہا ں مقالہ پیش کیا آج وہ اردو کا بڑا ادیب ہے۔اس سمینار میں ہندستان کی اہم یونیورسٹیوں کے اردو اور فارسی ریسرچ اسکالرز کے علاوہ پاکستان کے بھی ریسرچ اسکالرز نے شرکت کی۔ابوہریرہ، شیبا حیدر،ضیاء الرحمن، دھرم ویر وسنگھ،محمد آصف ملک، شاہنواز احمد اجے کمار، کہکشاں فلک،حیدر علی، محمد احتشام الحسن، رحمت یونس، رفعت مہدی رضوی، عزیز احمد، زیبا فاروقی، سعدالدین،محمد ایوب، جمیلہ بی بی، منہاج الدین، منت اللہ صدیقی، زبیر احمد، انو میاں،ایاز احمد، ارشد جمیل،محمد حذیفہ، عبدالرحیم،ذاکرحسین،سعدیہ جعفری،عبدالکریم،سفینہ، فاطمہ پروین،یاسر عباس،عرشِ منیر، شفیق انور،نغمہ نگار، علی ابراہیم آرزو، عندلیب عمر کے علاوہ پاکستان سے سعدیہ سرور،ارساکوکب اور صائمہ ارم نے مقالات پیش کیے۔ان تین دنوں میں صدارتی فریضہ کے لیے پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی،ڈاکٹر خلیق انجم، شاہد ماہلی،پروفیسر وہاج الدین علوی، پروفیسر علی احمد فاطمی،پروفیسر صادق، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر بلقیس فاطمہ حسینی، پروفیسر چندر شیکھر، ڈاکٹر خالد علوی،پروفیسر قاضی عبیدالرحمن ہاشمی، پروفیسر عراق رضا زیدی، پروفیسر ابنِ کنول، پروفیسر عبدالقادر جعفری، پروفیسر توقیر احمد خاں،پروفیسر ارتضیٰ کریم، ڈاکٹر شعیب رضا خاں، ڈاکٹر اطہر فاروقی،ڈاکٹر ثروت خان، پروفیسر انورپاشا، پروفیسر عین الحسن اور پروفیسر معین الدین جینابڈے موجود تھے۔اس سمینار میں ۹اجلاس منعقد ہوئے جس میں عبدالسمیع،محضر رضا، نوشاد منظر، رفعت مہدی رضوی،سفینہ، نورین علی حق،عینین علی حق،شاہنواز فیاض اورافسانہ حیات نے نظامت کا فریضہ انجام دیا۔ اختتامی اجلاس پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پروفیسر ابن کنول،شاہد ماہلی،صائمہ ارم،ڈاکٹر خلیق انجم، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کے علاوہ ڈاکٹر رضاحیدرنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس سمینار کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ ان تین دنوں میں ۶۰سے زیادہ ریسرچ اسکالرز نے بحث و مباحثہ میں حصہ لیا جن کوبطور خاص مدعو کیاگیا تھا۔غالب انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے سمینار میں تمام مقالہ نگاروں کوادارے کی اہم کتابوں کاتحفہ اورتمام ریسرچ اسکالرز کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس سمینار میں دلی یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اورعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تقریباً ساڑھے تین سو ریسرچ اسکالرز کے علاوہ بڑی تعداد میں ایم۔اے کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
اختتامی اجلاس کی تصویر میں دائیں سے: ڈاکٹر سیدرضاحیدر،پروفیسر محمد خواجہ محمد اکرام الدین، پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی،شاہد ماہلی اورڈاکٹر صائمہ ارم